سکھر (بیورو رپورٹ) آغا قادر داد کھجور مارکیٹ کے رہائشی شیخ برادری کے افراد نے شاہ حسین تھانے کی پولیس کی ناانصافیوں اور زیادتیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے انصاف و تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مرد و خواتین اور بچوں نے خدا بخش، مائی خورشید، مائی بیگم کی قیادت میں سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے صحافیوں کو بتایا کہ 2ہفتے قبل شاہ حسین تھانے کی پولیس نے ہمارے گھروں پر بلاجواز چھاپہ مار کرفدا حسین اور عطا حسین کو گرفتار کیا۔ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور رشوت لیکر انہیں چھوڑا اب پولیس ہمیں پھر تنگ کررہی ہے اور ہمارے گھروں پر بلاجواز چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی سکھر و دیگر حکام بالا سے اپیل کی کہ پولیس کی زیادتیوں کا نوٹس لیکر ملوث افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور ہمیں انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔