سرگودھا ( نامہ نگار،نمائندہ جنگ )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا سہیل اکرام ،ایس سی جے ایڈمن رائے افضال حسین کھرل ،ڈی ڈی پی بی عاطف محمود ،آفس سپرنٹنڈنٹ سیشن کورٹ محمد صابر علی نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کادورہ کیا اوربارکوں کا معائنہ کیا۔نوعمر اور خواتین اسیران سے انکے مقدمات بارےمعلومات حاصل کیں اور انکے مسائل معلوم کئے۔کچن کا جائزہ اور ہسپتال کا معائنہ کیا۔صفائی اور سکیورٹی انتظامات کو سراہا۔جیل گا رڈکے چا ک و چو بندد ستے نے انہیں سلا می د ی۔ علاوہ ازیں مصالحتی سنٹر کے قیام بارےڈسٹرکٹ بار سرگودھامیں سیمینار بھی منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری سرگودھا نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی سربراہی میں شرکت کی۔صدر بار ،سیکرٹری بار اور ممبران پنجاب بارکونسل سلیم اختر کچھیلا ،ملک محمدافضل فروکہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن سہیل اکرام، سینئر سول جج جوڈیشل قذافی بن زید‘ جج لیبر کورٹ ظفر بھٹی اورصدر بارنے مصالحتی سنٹر کی افادیت پر روشنی ڈالی ۔سیشن جج نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری اورایسویسی ایشن سرگودھا کے باہمی اشتراک سے پہلا مصالحتی سنٹر قائم کر دیا گیا ہے جو یکم جون سے باضابطہ کام شروع کردے گا جس کے ذریعے فوری اور سستا انصاف مہیا کیا جائے گا۔ مصالحتی سنٹر میں مصالحت کے ذریعے برسوں پرانے مقدمات کا فیصلہ صرف ایک دن میں ہو جائے گا۔ تمام دیوانی ،فیملی اور فوجداری مقدمات میں قابل راضی نامہ مقدمات مصالحتی سنٹر میں مصالحت کیلئے بھیجے جائیں گے۔