ٹوکیو (عرفان صدیقی ) عالمی شہرت یافتہ اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان تین ہفتے طویل دورے کے بعد پاکستان روانہ ہوگئے ۔ اپنے دورے کے اختتام پر جہانگیر خان نے جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دورہ جاپان کے دوران ان کی جاپان اسکواش فیڈریشن اور ورلڈ اولمپک ایسوسی ایشن کے حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جس میں انھوں نے ٹوکیو میں ہونے والے 2020 اولمپک میں اسکواش کے کھیل کو شامل کرانے کے لیے بات چیت کی ہے ، جہانگیر خان نے کہا کہ اسکواش کے کھیل کا بہترین کیس پیش کیا ہے دیکھیں کیا نتائج نکلتے ہیں۔ جہانگیر خان نے اپنے دورے جاپان میں جاپانی رکن پارلیمنٹ محمد حسین اینوکی اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی تعریف کی جن کے تعاون سے وہ اسکواش کے جاپانی حکام سے ملاقاتیں کرسکے اور اولمپک کے لیے اسکواش کا نام ڈلوانے میں کردار ادا کرسکے ، اس موقع پر پاک جاپان بزنس کوسن کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ جہانگیر خان نے تین ہفتوں میں جو کوششیں کی ہیں ان کے نتائج مثبت نکلیں گے ، ناکویا ایئرپورٹ پر جہانگیر خان کو الوداع کہنے کے لیے پاکستانی اور جاپانی شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جہانگیر خان کا کہہنا ہے کہ وہ اولمپک مقابلوں میں اسکواش کو شامل کرانے کے لیے عنقریب جاپان کا دورہ کریں گے ۔