راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس کی لیگل برانچ کو افسروں کی شدیدکمی کاسامناہے ضلع میں ڈی ایس پی لیگل کی 2اورلیگل انسپکٹروں کی 14اسامیاں خالی ہیں،راولپنڈی جیسے اہم ضلع میں پولیس سے متعلق متعددمقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں جن میں پولیس کی جانب سے لیگل برانچ کاعملہ پیش ہوتاہے راولپنڈی میں ڈی ایس پی لیگل کی 3اورانسپکٹرلیگل کی 14اسامیاں ہیں لیکن اس وقت صورت حال یہ ہے کہ ضلع میں صرف ایک خاتون ڈی ایس پی لیگل اور ان کے ساتھ دوسب انسپکٹرلیگل برانچ کاتمام کام نمٹارہے ہیں جب کہ آئے دن ہائی کورٹ اوردیگرعدالتوں کی جانب سے پولیس ورکنگ بارے ریمارکس دئیے جارہے ہیں ، اس بارے راولپنڈی پولیس کی جانب سے سنٹرل پولیس آفس لاہورکو متعددباریاددہانی کرائی گئی ہے لیکن تاحال کوئی بہتری نہیں ہوسکی ۔لیگل برانچ میں کام کی زیادتی کومدنظررکھتے ہوئے سی پی اوراولپنڈی اسراراحمدخان عباسی نے آرپی اوراولپنڈی کے ذریعے ڈی ایس پی لیگل کی دوخالی اسامیوں پرفوری طورپرافسران کی تعیناتی کے لئے آئی جی آفس لاہورسے استدعاکی ہے ،ادھربتایاجاتاہے کہ طویل عرصہ سے پنجاب بھرمیں لیگل انسپکٹروں کی متعدداسامیاں خالی ہیں جن پربھرتیاں نہیں کی گئیں ،اس وقت راولپنڈی ضلع میں ایک بھی لیگل انسپکٹرتعینات نہیں ہے جب کہ پورے راولپنڈی ریجن میں لیگل انسپکٹرکی کل 35سیٹیں خالی ہیں یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ آرپی اوآفس میں ایک اکلوتاانسپکٹرلیگل کام کررہا ہے جبکہ یہاں بھی انسپکٹرلیگل کی دواسامیاں ہیں۔