اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کیخلاف مقدمات نواز شریف اور افتخار چوہدری گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہیں‘ غداری کا مقدمہ بھی اسی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ اُن پر اکبر بگٹی کیس بھی غلط تھا، پرویز مشرف نے کبھی کسی جج کو نظربند نہیں کیا۔ افتخار چوہدری نے گزشتہ انتخابات میں اپنے آر اوز کے ذریعے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرائے اور انہیں دانستہ انتخابی عمل سے باہر رکھا۔ حکومت آزادی کی ضمانت دے تو پرویز مشرف کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر وطن آنے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کے چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری اور مرکزی نائب صدر محمد ریاض خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہری ایڈووکیٹ وسیم ریحان نے پرویز مشرف کیخلاف قائم کئے گئے غداری کے مقدمہ کا پس منظر بیان کیا اور کہا کہ آئین کے آرٹیکل 6کے تحت غداری کا مقدمہ پرویز مشرف نہیں، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری پر بنتا ہے۔ 12اکتوبر 1999ء کے اقدامات پر کارروائی کیلئے میری درخواست کا ریکارڈ غائب کر دیا گیا اور 3نومبر کے اقدامات پر کارروائی کی گئی۔ 12اکتوبر سے کارروائی کا آغاز ہوتا تو جسٹس افتخار چوہدری پر بھی آرٹیکل6 لاگو ہو جاتا۔