کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے ہونہار طلباء اور طالبات کے لیے حکومت سندھ نے’’ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو اسکالرشپ برائے اقلیتی طلبہ و طالبات‘‘ آغاز کر دیا ہے . جس کے تحت رواں سال چوبیس سو ذہین و ضرورت مند طلبہ و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر 35ملین روپے کے چیک تقسیم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے صوبے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ یہ بات انہوں طلباء و طالبات میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اسکالرشپ برائے اقلیتی طلبہ و طالبات کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہی،ڈاکٹر کھٹومل نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کراچی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 400طلبہ و طالبات میں تعلیمی اسکالرشپس کے چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں حیدرآباد میں میرپورخاص اور حیدرآباد ڈویژن کے 1600 طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ کے چیکس دیئے جائیں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں سکھر میں لاڑکانہ،شہید بے نظیرآباد اور سکھر ڈویژن کے 400طلبہ و طالبات کو تعلیمی اسکالرشپ دی جائیں گی۔ ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہاکہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کہ نوجوان نسل کو معیاری اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ تعلیم کے تحت بھی ایجوکیشن انڈومینٹ فنڈ کے ذریعے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے صوبے بھر کے ہونہار طلبہ و طالبات کو تعلیمی اسکالرشپس پہلے ہی دی جارہی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کی مشیر برائے سوشل ویلفیئر شمیم ممتاز نے کہا کہ موجودہ حکومت امن،برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔