لاہور /ساہیوال(خصوصی نمائندہ/نمائندہ جنگ ) ساہیوال کول پاور پلانٹ کے دوسرے یونٹ نے بھی مکمل طور پر کام شروع کردیا ہے جس سے 660 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل ہورہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ساہیوال کول پاور پلانٹ سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کی دوسری ٹربائن سے بھی 660 میگاواٹ بجلی کی آزمائشی پیداوار شروع ہو گئی ہے جبکہ پہلی ٹربائن 660 میگاواٹ بجلی پہلے ہی پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کا 6 ماہ قبل مکمل ہونا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محنت، دیانت اور امانت سے کئے گئے ہر کام میں اللہ تعالیٰ بھی برکت ڈالتا ہے۔