اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے عدلیہ اور فاضل ججوں پر تنقید پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججوں کے خلاف بیان دینا اور ٹیلیفون ٹیپ کروانا نوازشریف کی پرانی عادت ہے یہاں تک کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان سید سجاد علی شاہ کے بیڈ روم تک کے فون نوازشریف کے دور میں ٹیپ کئے جاتے تھے اور وہ پیر کو پریس کانفرنس میں ٹیلیفون ریکارڈ ہونے کے ثبوت پیش کریں گے۔ چوہدری شجاعت حسین نے اس عمل کو غیراخلاقی اور گری ہوئی سوچ کا عکاس قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ نہال ہاشمی کا بیان ذاتی نہیں وہ نوازشریف کی زبان بول رہے ہیں انہیں قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔