میرپورخاص(نامہ نگار) میرپورخاص میں بے نظیر بھٹو شہید بستی تعمیر کرنے کے لئے قیمتی درختوں کی کٹائی کا آغاز ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق کم آمدنی والوں اور غریبوں کو سرکاری طور پر رہائشی سہولت فراہم کرنے کے نام پر حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کے مختلف اضلاع میں بے نظیر بھٹو شہید بستی تعمیر کرنے کے منصوبہ کے تحت میرپورخاص میں عمل درآمد شروع ہوگیا ہے ،نئی بستی تعمیر کرنے کے لئے سندھ میں سبزی، آم اور دیگر پھلوں کی تحقیق کرنے والے سب سے بڑے ادارے سندھ ہارٹیکلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی اراضی کا انتخاب کیا گیا ہے اورمنصوبہ کو عملی جامعہ پہنانے کے لئے ایک بڑی اراضی پر تحقیق کے لئے مختص قیمتی زمین اور وہاں موجود آم اور دیگر پھلوں کے قیمتی درختوں کی کٹائی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔مذکورہ زمین پر رہائشی بستی تعمیر کرنے کے فیصلہ کو حتمی شکل دینے سے قبل علاقے کے مکینوں اور ادارے کے ملازمین نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کئی مرتبہ احتجاج کیا تھا اور اطلاعات کے مطابق ادارے کی جانب سے اعلیٰ حکام کو ایک لیٹر بھی لکھا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ زمین تحقیق کے کام میں آرہی ہے لہذا رہائشی بستی کسی اور جگہ تعمیر کی جائے جس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ میرپورخاص پہلے ہی شدید آلودگی کا شکار ہے جہاں درخت کاٹنے کے بجائے مزید درخت لگائے جائیں۔ رہائشی بستی تحقیقاتی ادارے کی زمین پر تعمیر کرنے کے بجائے کسی دوسری جگہ تعمیر کی جائے۔