ملتان ، مظفر گڑھ ،خانگڑھ ( سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ ،نامہ نگار) عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو14دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹرل جیل ملتان بھیج دیاگیا، ان کی گرفتاری مزید مقدمات میں بھی ڈال دی گئی،دستی کی گرفتاری اورجیل بھجوانے پر کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے،24گھنٹے میں رہائی کا مطالبہ کیا،تفصیلات کے مطابق کاشت کاروں کی نہری پانی کی بندش کی شکایت پر جمشید دستی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مظفر گڑھ میں 28 مئی کو ہیڈ کالو کے علاقہ میں ڈینگا کینال کو غیر قانونی طور پر کھول دیا تھا،وزیر آبپاشی پنجاب نےمقدمہ درج کرنے کا حکم دیا، محکمہ انہار نے ایک گھنٹےبعد نہر کو دوبارہ بند کر کےتھانہ قریشی میں جمشید دستی کیخلاف مقدمہ درج کروا کر ایف آئی آر سیل کروا دی،گزشتہ رات جمشید دستی کو ساتھی سمیت اسلام آباد سے مظفر گڑھ جاتے ہوئے لیہ کے قریب چوکی ریاض آباد کے نزدیک تھانہ قریشی پولیس کی بھاری نفری نے گرفتار کر لیا،جمشید دستی اور انکے ساتھی چیئرمین یونین کونسل اجمل کالرو کو رات گئے ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جنہوں نے جمشید دستی کو ساتھی سمیت 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹر ل جیل ملتان بھیج دیا ،مجسٹریٹ نے پولیس کو جمشید احمد دستی کو دوبارہ 22جون چالان سمیت پیش کرنے کا حکم دیا ہے،جمشید دستی کی گرفتاری مزید مقدمات میں بھی ڈال دی گئی،ذرائع کیمطابق جمشید دستی کوکچھ عرصے تک جیل میں رکھنے کا پروگرام بنالیا گیاہے ،جمشید دستی کے وکلا جام محمد یونس اور رانا امجد علی امجد ابھی نہرکھولنے کے مقدمہ میں جمشید دستی کوضمانت پررہا کرانے کی کوشش ہی کررہے تھے کہ پولیس نے 3مزید مقدمات میں جمشیددستی کی گرفتاری ظاہرکردی جس کے بعد اب جمشید دستی کو4مقدمات میں ضمانت کرانا ہوگی ،پولیس ذرائع کیمطابق جمشید دستی کو 3مقدمات میں تو جلد ضمانت ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے مگرقتل کے مقدمہ میں جمشید دستی کی ضمانت مشکوک نظرآرہی ہے جس کے حوالے سے ان کے وکلا بھی شکوک وشبہات کا شکار ہیں، وکلا نے الزام لگایا ہےکہ سنٹرل جیل ملتان کی انتظامیہ نے وکلاکو جمشیددستی سے ملاقات نہ کرنے دی اور عدالتی ٹائم ختم ہونے کے بعد وکالت ناموں کی تصدیق کراکر دی جس کے باعث وُہ علاقہ مجسٹریٹ کے پاس جمشید دستی کی ضمانت کے لئے کاغذات جمع نہ کراسکے ، انہوں نے کہاکہ جمشید دستی کی جن مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی ہے ان مقدمات کی کاپیاں بھی وکلا کو فراہم نہیں کیا جار ی ہیں،دریں اثناعوا می راج پارٹی اور پیپلز سرائیکی پارٹی کے زیراہتمام جمشید دستی کی گرفتاری اور سنٹرل جیل میں پابند سلاسل کرنے کے خلاف کارکنوں نے احتجاجی مظاہرےکئے ،24گھنٹے میں رہائی کا مطالبہ کیا، جمشید دستی کو فوری رہا نہ کرنے پر جگہ جگہ احتجاج کا اعلان کیا، عوامی راج پارٹی کے زیراہتمام سنٹرل جیل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت چوہدری عامر کرامت، عامر سلطان گورایہ ، میاں مظہر عباس نے کی اس موقع پر کارکنوں نے گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے اور کہاکہ دستی کو رہا نہ کیا گیا تو وہ بھرپور احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے اور چناب پل غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا جا ئے گا جس کی ذمہ دار حکومت اور ضلعی انتظامیہ ہو گی ،جمشید دستی مزدور آدمی ہیں اور انہیں اس ناکردہ جرم کی سزا دی گئی ،پیپلز سرائیکی پارٹی کے سربراہ ملک ذوالنورین بھٹہ کی قیادت میں بھی عزیز ہو ٹل چوک پر جمشید دستی کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ جمشید دستی کی گرفتاری سرائیکی تحریک کے خلاف ایک سازش ہے ،علاوہ ازیں عوامی راج پارٹی کے مرکزی سیکر ٹریٹ کے سامنے پارٹی عہدیداروں اور کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا ،پنجاب حکومت کیخلا ف نعرے لگائے اور جمشید احمددستی کی رہائی کا مطالبہ کیا ،خان گڑھ میں عوامی راج پارٹی کےرہنماراؤ مسعود کی زیر قیادت سٹیڈیم چوک پر مظاہرہ کیا گیا ،چوک اعظم میں مرکزی فنانس سیکرٹری پاکستان عوامی راج پارٹی صابر عطاء تھہیم کی رہائش گاہ پر لیہ پولیس نے چھا پے مارے تا ہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے، کچہری چوک مظفرگڑھ میں ضلعی صدر عامر سلطان ایڈووکیٹ ،چوہدری عامر کرامت ،جاوید دستی ،جام محمد یونس ،ارشاد حسین دستی ،ضمیر بھٹی ،عبدالغفار قریشی ،سہیل اختر غوری ،غلا م شبیر ساغر ،قاضی عاصم ،ملک مجاہد ،محمد صدا م،ممتاز خان دستی ،مظہر دستی ،ملک جاوید چھجڑا ،مون ڈوگر ،کاشف عاربی ،اللہ نواز ،محمد حسین بھٹی ،منور حسین بھٹی ،منور عباس تھہیم ،محمد حسین بھٹی ،راؤ مسعود علی خاں،ساجدآرئیں ،ملک عبدالستار ،اختر لاشاری ،میاں عابد نوناری ،جنید لغاری ،ملک سعید ظفر کچھی ،صمد خان دستی ،اصغر بلوچ، سمیت سیکڑوں کاکنوں نے احتجاجی مظاہر ہ کیا ،شہر سلطان میں رانا دلشاد احمد ،صفت اللہ خان ،رانا خالد محمود ،میاں اشرف گازر ،عبدالغفار کونسلر ،سجن خان بلوچ ،دلشاد بلوچ ،طارق جمیل ،نجم قریشی ،رانا زبیر راجپوت ،جبکہ شاہ جمال میں ساجد خلیفہ ،فیاض حسین والوٹ ،ملک مرتضیٰ کونسلر ،شعیب کالرو،ملک عمران ،رانا سہیل اور علی پور میں اقبال خان ایڈ ووکیٹ شکیل بڈانی سمیت کئی شہروں میں کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔