پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی شریف فیملی سے بند کمرے کے بجائے کھلے عام انکوائری کرے، بند کمرے کی کارروائی نواز شریف کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہے۔
لاہورہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراز احسن کا کہنا تھا کہ تین ماہ سے یہ سن سن کر کان پک گئے کہ نواز شریف نے تین نسلوں کا حساب دیا ہے۔ اگلے 5 سال تک بھی یہی بات سنتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوگئی کہ ن لیگ کے پاس قطری خط کے سوا کوئی جواب نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی یہ بتائے کہ ان کے پاس لاہور میں 250 ایکڑ زمین کہاں سے آئی، لندن میں فلیٹ کس طرح خریدے ؟
اعتزاز احسن نے کہا کہ حسین نواز کو گھنٹوں بٹھانے کی ضرورت نہیں ڈیڑھ گھنٹے میں سارا معاملہ حل ہوجائے گا مگر ن لیگ جے آئی ٹی پر الزامات لگا کر سپریم کورٹ کے بنچ اور جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ یہ لوگ گالی گلوچ پر اتر آئے اور گالم گلوچ بریگیڈ کیمروں کے سامنے گالیاں دیتا رہتا ہے۔
اعتزاز احسن نے قومی اسمبلی کے احاطے میں شیخ رشید کے ساتھ پیش آنیوالے واقعہ کی بھی مذمت کی اور اسے ن لیگ کی طرف سے منظم ڈرامہ قراردیا۔