لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں، فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے۔
سپریم کورٹ پر اس بار حملہ کرنا آسان نہیں، فیصلہ آنے تک نوازشریف اختیا را ت استعمال نہ کریں،وہ اپنی اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی کی جانب سے امیر جماعت اسلامی کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر سینیٹر سراج الحق، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور، پی ٹی آئی کے رہنما میاں محمود الرشید اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میری ڈاکٹر طاہرالقا د ری سے فون پر بات ہوئی ہے اور ہم جلد ملاقات کریں گے۔ افطار ڈنر میں شریک اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں نے چودھری شجاعت حسین کی تجویز پر انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام جماعتوں پر مشتمل کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا جس کے سربراہ سینیٹر سراج الحق ہوں گے جو عید کے بعد اس سلسلہ میں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔
تمام رہنمائوں نے انتخابی اصلا حا تی کمیٹی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صاف شفاف اور دھاندلی سے پاک آئندہ الیکشن کیلئے اصلاحات ضروری ہیں لیکن حکومت اس بات سے اتفاق کے باوجود انتخابی اصلاحات نہیں کرنا چاہتی جبکہ 2ہزار سے زائد تجاویز پارلیمانی کمیٹی کو موصول ہو چکی ہیں۔