سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے نصف رمضان گزرنے کے باوجود سکھر کے گنجان آبادی والے علاقوں اور اہم کاروباری مراکز میں سیوریج کے تباہ حال نظام کو بہتر نہیں بنایا جاسکا۔ تجارتی مراکز میں گندہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے تاجر اور عید کی خریداری کے لئے آنیوالے افراد شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب شہر کے اکثریتی تجارتی علاقوں میں گٹر و نالیاں بند ہونے سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر پھیل جاتا ہے جس کی وجہ سے تھوک و پرچون کا کاروبار کرنیوالے تاجروں کو کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ مارکیٹ میں سیوریج کے پانی کے باعث آمد و رفت معطل ہونے کے ساتھ ساتھ دکاندار دکانوں میں محصور ہوکر رہ جاتے ہیں۔گھنٹہ گھر چوک شہر کا ہم ترین کاروباری مرکز ہے، جہاں سے پان منڈی، الیکٹرونک مارکیٹ، سبزی مارکیٹ، فروٹ مارکیٹ، بیراج روڈ، اسٹیشن روڈ، مینارہ روڈ ، مہران مرکز سمیت دیگر راستے نکلتے ہیں وہاں پانی جمع ہونے کے باعث ان تمام اہم مارکیٹوں اور بازاروں کی جانب جانیوالے راستوں پر آمد و رفت معطل ہوکر رہ جاتی ہے، اسی طرح نشتر روڈ، کپڑا مارکیٹ سمیت دیگر کاروباری مراکز میں بھی سیوریج کا نظام مفلوج ہونے کے باعث گندا پانی سڑکوں کی زینت بنا رہتا ہے۔ چند روز قبل مےئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور انتظامی افسران کی جانب سے شہر میں صفائی و ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کلین اینڈ گرین صفائی مہم کا آغاز کیا گیا تھا، گلوب چوک لب مہران سے جس وقت اس مہم کا آغاز کیا گیا اس وقت محکمہ نساسک اور میونسپل کارپوریشن کی درجنوں گاڑیاں، اور سیکڑوں ملازمین موجود تھے جس سے یہ محسوس ہورہا تھا کہ شاید یہ شہر چند ہی دنوں میں صاف و ستھرا ہوجائیگا لیکن کلین اینڈ گرین صفائی مہم ابتدائی مراحل میں ہی ناکامی سے دوچار ہوگئی اور صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوگئی۔ رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ اختتام کے قریب پہنچ رہا ہے اور عیدالفطر نزدیک آتی جارہی ہے اور عید کی تیاری کے حوالے سے خریداری کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، سکھر کے اہم ترین کاروباری علاقوں میں شہر سمیت بیرون شہر سے خریداروں کی بڑی تعداد خریداری کے لئے آرہی ہے مگر کاروباری علاقوں میں سیوریج کے تباہ حال نظام کو بہتر بنانے کے لئے ضلعی اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کیے ۔سکھر کے شہری و تجارتی حلقوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ سکھر میں مفلوج نکاسی آب کے نظام کی درستی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کرائے جائیں۔