مردان ( نمائندہ جنگ ،نامہ نگار ) مردان میں مختلف واقعات میں فائرنگ سے تین افراد لگ کر جاں بحق اورتین زخمی ہوگئے ۔پولیس رپورٹ کے مطابق کورغ چوک میں دوفریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہگیر جاں بحق اور دو راہگیرشدید زخمی ہوگئے ۔ایک زخمی میر عالم ولد احسان الدین سکنہ باغ ارم نے پولیس کو بتایا کہ دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہورہاتھا اس دوران کورغ کے رہائشی شاہ سید آفریدی کی فائرنگ سے میں اور میربہادر ولد غلام قادر سکنہ باغ ارم اور لعل بہادر ولد خانزادہ سکنہ چمتار لگ کر زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق مجروحین میں سے میربہادر بعد ازاں پشاور میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دوسرا واقعہ بالا گڑھی میں پیش آیا جہاں دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں مبینہ ملزمان امان اللہ اور محمد اسلام پسران لعل جوہر اور قربان علی ولد نوشیر سکنہ بالاگڑھی نے اس وقت اپنے مخالف مہرزادہ ولد امیر شاہ پر فائرنگ کرکے اسے قتل کرڈالا جب وہ اپنے بھائی کے ہمراہ اپنی دوکان میں موجود تھا پولیس نے مقتول کے بھائی مہربادشاہ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا ۔ ایک اور واقعے کے دوران کس کلی طورو میں مبینہ ملزم نور باز ولد عیسی خان نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر فائرنگ کرکے اپنے جواں سال بھتیجے فضل سبحان کو قتل اور بھائی علی خان کو شدید زخمی کرڈالا ۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے ۔