پاک جاپان بزنس کونسل ،دنیا کی اہم برانڈز کے ساتھ مل کر پاکستانی فٹ بال اور اسکواش کے ریکٹس دنیا بھر میں ایک نئے انداز سے متعارف کرائے گاجس کے لیے ابتدائی کام شروع کردیا گیا ہے ۔
اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے بتایا کہ پاکستان پہلے ہی کھیلوں کا سامان تیار کرنے میں پوری دنیا میں مشہور ہے تاہم پاکستانی کھیلوں کا سامان دنیا بھر کے برانڈز میں وہ مقام نہیں رکھتا جو اس کا ہونا چاہیے لہذا پاک جاپان بزنس کونسل نے کئی اہم عالمی برانڈز کے ساتھ مل کر اعلیٰ ترین معیار کے فٹ بال اور اسکواش کے ریکٹس پہلے مرحلے میں جاپان میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ابتدائی کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں ان اشیاء کو یورپ اور امریکہ میں بھی متعارف کرایا جائے گا ۔
رانا عابد حسین کے مطابق عالمی برانڈز کے ساتھ مل کر تیار کیے جانے والے فٹبال اسکواش کے ریکٹس انتہائی اعلیٰ معیار کے ہوں گے جو اپنی برانڈز کے سبب کم تعداد میں اہم ترین لوگوں کے لیے صرف آرڈر پر دستباب ہوں گے۔
توقع ہے کہ ان قیمتی اشیاء کی مارکیٹ میں آمد سے میڈ ان پاکستان دنیا کی ایک نئی مارکیٹ میں متعارف ہوسکیں گی ۔
رانا عابد حسین کے مطابق اس سال کے آخر میں پاکستانی فٹ بال اسکواش کے ریکٹس عالمی برانڈز کے ساتھ مارکیٹ میں ہوں گے ۔