• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10ٹیمیں مدمقابل، ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز آج لندن میں شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)  اگلے سال بھارت میں ہونے والے ہاکی ورلڈکپ  میں  رسائی کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کا امتحان  تجربے کار فارورڈ حسیم خان کی قیادت  میں جمعرات سے لندن میں شروع ہوگا، پاکستان کی ٹیم  کے کھلاڑیوں کی قسمت کا پہلا معرکہ سخت ترین حریف ہالینڈ کے ساتھ ہوگا۔  ورلڈ کپ سیمی فائنل رائونڈ میں  دس ٹیموں کے درمیان گھمسان کی جنگ ہوگی، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو  ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے ، گروپ بی میں پاکستان کے ساتھ بھارت، کینیڈا، ہالینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں، گروپ اے میں ارجنٹائن، چین، انگلینڈ، کوریا اور ملائیشیا شامل ہیں۔ اس مرحلے کا فائنل 25 جون کو کھیلا جائے گا۔  پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان حسیم خان نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑی ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لئے پر عزم ہیں، لندن سے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اہم مقابلے کے لئے ہم نے بھر پور انداز میں ٹریننگ کی ہے، ورلڈ کپ کے یہ مقابلے آسان نہیں ہیں ہمیں اپنے پول میں سخت ٹیموں کا سامنا ہوگا۔انہوں نے کہا ہمارا پہلا مقابلہ ہی دنیا کی مضبوط حریف ٹیم ہالینڈ کے ساتھ ہے جس کی کار کردگی خاصی اچھی ہے، پاکستان نے یورپ کی ٹیموں کے ساتھ  بہت زیادہ مقابلہ نہیں کیا ہے مگر کوشش ہوگی کہ ان کے خلاف فتح حاصل کریں۔

تازہ ترین