اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی، خاران اور وارسک میں تھری جی سروس فراہم کی جائے گی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نجی موبائل کمپنیوں میں معاہدہ طے پا گیا، موثر پالیسیوں کی وجہ سے معروف کمپنیاں پاکستان کے ساتھ معاہدے کر رہی ہیں۔ اسلام آباد میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نجی موبائل کمپنیوں کی تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ اہم معاہدے پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں مسلم لیگ (ن) اپنے منشور کے مطابق ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کررہی ہے، مخالفین کی پروا کیے بغیر ملکی معاشی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، موجودہ حکومت کے چار سال میں اب تک کوئی بھی مالی بے ضابطگی ثابت نہیں کر سکا، یہ نواز لیگ کی حکومت کا خاصہ ہے کہ اس نے ہمیشہ شفافیت اور اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنایا ہے، سب کو چاہئے کہ وہ پاکستان کی معیشت کو ترقی کی جانب گامزن کرنے میں ہمارا ساتھ دے، نواز شریف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا اور ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، انفارمیشن ٹیکنالوجی اب صنعت کا درجہ اختیار کر چکی ہے، پاکستان کے میکرو اکنامک اعشاریئے مستحکم ہیں، امید ہے کہ 2030ء تک پاکستان جی 20 کی صف میں شامل ہو جائے گا۔