اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں طورخم اور چمن کی سرحد پر ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ نظام سے متعلق معاملات کا جائزہ لیاگیا ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ،فوج کے کوارٹر ماسٹر جنرل ، ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائر یکٹر، ڈی جی این ایل سی ، ایف بی آر کے آئی ٹی ٹی ایم ایس کے پراجیکٹ ڈائر یکٹر اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ، پراجیکٹ ڈائر یکٹر نے وزیر خزانہ کو ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ نظام کے پراجیکٹ کی پیشرفت سےآگا ہ کیا ، ڈی جی این ایل سی نے منصو بے کے تکنیکی پہلوئوں پر بریفنگ دی ، این ایل سی سرحد کے دونوں اطراف منصوبے کا سول کام مکمل کرے گا ، اے ڈی بی کی کنٹری ڈائر یکٹر نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک منصوبے کو اہم پروجیکٹ کے طور پر سمجھتا ہے کیونکہ یہ سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن ( کریک ) کے حوالے سے اہم تجارتی راہداری بن سکتا ہے ،اسحٰق ڈار نے منصوبے کی تکمیل کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا اور اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ منصوبہ حکومت کے پاکستان کو اقتصادی راہداری اور علاقائی رابطوں کو فروغ کے طور پر ترقی دینے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے،منصوبے کی تکمیل سے طورخم اور چمن سرحد پر ٹریڈ میں کم سے کم وقت صرف ہوگا تمام سٹیک ہولڈرز منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔