• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتظامیہ کی عدم توجہی،سکھر کے مختلف علاقوں میںجاری ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے

سکھر (بیورو رپورٹ) انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے، پچھلے تعمیراتی کام مکمل کئے بغیر نئے ترقیاتی کام شروع کردیے گئے، اہم شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے اور تعمیراتی مٹیریل کی موجودگی سے ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بن گیا۔ عید کی خریداری کرنیوالے شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ سال ملٹری روڈ اور نواں گوٹھ کی کشادگی اور نالوں کی تعمیر کا کام انتہائی عجلت میں شروع کیا گیا تھا جو کہ ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود مکمل نہیں کیا جاسکا ہے، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ اور کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ کی جانب سے ٹھیکیدار کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں مگر اس کے باوجود ٹھیکیدار کی جانب سے انتہائی سست روی سے کام کیا جارہا ہے۔ مذکورہ دونوں شاہراہیں سکھر شہر کی اہم شاہراہیں ہیں مگر انتظامیہ کی جانب سے شاہراہوں کا تعمیراتی کام مکمل نہیں کرایا جارہا ہے، پہلے سے شروع کیے گئے ترقیاتی کام مکمل کئے بغیر ہی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں نئے ترقیاتی کام شروع کرادیے گئے ہیں، اے سیکشن تھانے سے لیکر پولیس ہیڈ کوارٹر روڈ تک اور نیو بس ٹرمینل سے لیکر ٹرک اڈے تک شاہراہوں کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے جو کہ انتہائی سستی روی کا شکار ہے۔ مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے باعث پتھر و دیگر تعمیراتی مٹیریل شاہراہوں پر رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بدترین ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بنا ہوا ہے، عید الفطر کی آمد کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی شہر وبیرون شہر سے خریداروں کی بڑی تعداد سکھر کی تجارتی مارکیٹوں کا رخ کررہی ہے تاہم شہر کی مختلف شاہراہوں پر تعمیراتی کام جاری رہنے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دھول و مٹی کے اڑنے اور بدترین ٹریفک جام رہنے سے شہری بھی اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں جبکہ جن علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہے وہاں پر موجود دکانداروں کا کاروبار بھی ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے، تعمیراتی مٹیریل کی موجودگی اور دھول و مٹی اڑنے کے باعث خریدار مذکورہ علاقوں کا رخ کرنے کے بجائے دیگر علاقوں میں جانے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ شہریوں و دکانداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے بغیر پلاننگ کے ترقیاتی کام شروع کراکر ہماری مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، ٹھیکیدار انتہائی عجلت میں کام کررہے ہیں، نکاسی آب کا نظام درست کیے بغیر شاہراہ تعمیر کی جارہی ہے جس کے باعث شاہراہ چند دن بعد ہی خستہ حال ہوجائیگی اور شاہراہ کی تعمیر پر خرچ ہونیوالی رقم بھی ضائع ہوگی جبکہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عید کی خریداری کے لئے لوگوں کا رش بڑھتا جارہا ہے، ایسے حالات میں انتظامیہ کو جلد از جلد کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے تاکہ عید کی خریداری کرنیوالوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچایا جاسکے مگر انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہوگئے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سے مطالبہ کیا کہ مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کراکر مشکلات سے نجات دلائی جائے۔
تازہ ترین