• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکرٹری ہائوسنگ کی راولپنڈی آمد،مون سون تیاریوں کا جائزہ لیا، نالہ لئی کی صفائی کا کام مکمل کرلیا گیا، ایم ڈی واسا

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے، اپنے رپورٹر سے) سیکرٹری ہائوسنگ اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے نالہ لئی کی صفائی اور مون سون کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے راولپنڈی کا ہنگامی دورہ کیا۔ اور نالہ لئی کی بھل صفائی کے کام کا مختلف مقامات پر معائنہ کیا ۔ وہ اس حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینےواسا دفتر پہنچ گئے ۔ ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا راولپنڈی نے نالہ لئی کی صفائی کا کام مکمل کرلیا ہے ۔ واسا نے اس سال نالہ لئی سے مختلف مقامات پر 14 لاکھ کیوبک فٹ سے زائد ملبہ اور کوڑاکرکٹ نکال کر شہر سے باہر ٹرانسپورٹ کیا ہے نالہ لئی میں پانی کے بہائو کی استعداد کو 40 ہزار کیوسک تک کر دیا گیا ہے ۔ جوکہ نالہ لئی کے ماسٹر پلان کے مطابق ہے ۔اس موقع پر سیکرٹری ہائوسنگ نے لیاقت باغ میں آپریشنل مشینری کا معائنہ کیا اور گوالمنڈی پل اور ریالٹو چوک پل پرنالہ لئی کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے واسا کو جدید مشینری سے لیس کر دیا ہے ۔ واسا کو لئی کی صفائی کے فنڈز بھی بروقت مہیا کیے گئے ہیں اور وزیر اعلی کی ہدایات کے مطابق مزید فنڈز کی ضرورت ہوئی تو فوری طور پر مہیا کیے جائیں گے ۔ اس موقع پرانہوں نے ایم ڈی واسا کو ہدایات دیں کہ واسا کی تمام مشینری اور عملہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہے ۔
تازہ ترین