• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں دوسرے روز بھی جشن،بھارت میں صف ماتم

Todays Print

کراچی(نیوز ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں بھارت کی کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکست کا جشن دوسرے روز بھی پاکستان ،برطانیہ، امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں جہاں پاکستانی بستے ہیں یا جہاں پاکستان کے چاہنے والے ہیں سب پاکستان کی شاندار کارکردگی کے معترف ہیں اور بھارت کیخلاف شاندار کار کرد گی کی بدولت جیت پر خوش ہیں اور جشن منارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی ہر جگہ پاکستان پاکستان اور پاکستانی کھلاڑی چاہ گئے۔ دوسری جانب بھارت کی عبرتناک شکست پر بھارت میں صف ماتم ہوگیا، بھارتی کھلاڑیوں کے گھروں کی سیکورٹی بڑھادی گئی جبکہ بھارتی میڈیا، بالی وڈ فنکار ، بھارت سمیت دیگر ممالک کے غیرملکی کھلاڑی بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ادھر پاکستانی ٹیم لندن سے آج بروز منگل کو براستہ دبئی وطن پہنچ رہی ہے۔ سرفراز احمد اور رومان رئیس کراچی، حارث سہیل سیالکوٹ، بابر اعظم، حسن علی، فہیم اشرف،احمد شہزاد لاہور فخر زمان پشاور اور عماد وسیم اور شاداب خان اسلام آباد پہنچیں گے۔ جنید خان لندن میں کائونٹی کرکٹ کھیلیں گے۔محمد حفیظ،شعیب ملک اور اظہر علی مزید کچھ دن بر طانیہ میں قیام کریں گے۔

پاکستان کے منیجر طلعت علی مانچسٹر چلے گئے ہیں اور وہ عید کے بعد لاہور آکر ٹور رپورٹ دیں گے۔ بولنگ کوچ اظہر محمود لندن میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہیں گے۔ پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن ،فزیو تھراپسٹ شین ہیز آسٹریلیا اور ٹرینر گرانٹ لوڈن زمبابوے چلے گئے ہیں۔

ٹیم آفیشلز جولائی کے تیسرے ہفتے میں کاکول کے بوٹ کیمپ سے پہلے لاہور آئیں گے۔ پاکستان کی جیت کا جشن لندن میں بھی خوب منایا گیا۔ برمنگھم کی سڑکوں پر پاکستانی پرچم سے مزین گاڑیوں میں ملی نغمے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہے اور نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ دیکھنے کیلئے لندن میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی اسکرینز کا اہتمام کیا تھا، اس دوران پاکستانی بلے بازوں اور بائولرز کی پرفارمنس پر بھرپور داد دیتے رہے۔ ٹیم کی جیت کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ کے ساتھ لندن پولیس کے اہلکار بھی بھنگڑے ڈالتے نظر آئے۔

ایک موقع پر پاکستانی اور بھارتی شائقین آمنے سامنے بھی آگئے۔ گلاسگو، آکسفورڈ، لوٹن اور کوونٹری میں بھی پاکستانی شائقین کے چہرے خوشی سے کھل رہے تھے، شائقین نے تاریخی فتح کو عید کا تحفہ قرار دے دیا۔برٹش پاکستانی اراکین پارلیمنٹ ناز شاہ اور لارڈ نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ بڑے عرصے بعد قوم کو ایسی خوشی ملی ہے۔

پاکستان سُپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی اُن کی اہلیہ اور پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ کے میزبان شاہ زیب خانزادہ نے اوول کے میدان پر تماشائیوں کے ساتھ اس جیت کو سیلبریٹ کیا۔دریں اثناء پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی سب سے بڑی ہار کا رونا پیٹنا صرف لندن میں دیکھنے کو نہیں ملا، چیخوں کی پہنچ کانپور سے نئی دہلی تک نکلی، بھارتی شائقین جو پٹاخے پھوڑنے کے انتظار میں بیٹھے تھے،غصے میں اپنی ٹی وی سیٹس پھوڑدیے۔ فخر زمان کے چھکوں نے بھارتیوں کے زخموں کو سُجا دیا، عامر کی بائولنگ نے آٹھ آٹھ آنسو رلادیا، موقع موقع کرنے والے،دھوکا دھوکا روتے رہے،کوہلی الیون کو کوستے رہے جبکہ بھارتی میڈیا بھی پوسٹ مارٹم پر اترآیا،جس ٹیم کو باہوبلی کہا تھا،اسی کو تنقید کی بلی پر چڑھادیا۔ ایک تو کراری ہار، اوپر سے ٹرافی بھی چھن گئی، بھارتی میڈیا میں بیٹھے کرکٹ کے پنڈتوں میں بھی ٹھن گئی،اینکر کو اپنی جان چھڑانی مشکل ہوگئی۔پاکستان نے صرف بھارتی ٹیم کو دھول نہیں چٹائی،بلکہ دفاعی چیمپئن ہونے کے گھمنڈ میں ڈوبے کئی بت گرادیے،وہ بت جو موقع موقع کرتے نہیں تھکتے تھے،انہیں تھکا تھکا کر چِیمپئنز ٹرافی کی ٹرافی کا چوکا ماردیا۔ بالی ووڈ اداکاررنویرسنگھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرپاکستانی کی جیت پرمبارک دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بہترین اندازمیں فائنل کھیلا جب کہ کچھ بہترین ٹیموں نے فائنل ہارا جس میں بھارت بھی شامل ہے۔

بالی ووڈ کے چھوٹے بگ بی ابھیشیک بچن نے بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو خوب سراہا اور کہا کہ پاکستان کی ٹیم بہت بہتر کھیلی تھی۔دوسری جانب اداکارہ سشمیتا سین نے بھی خوب تعریف کی اورکہا کہ فائنل میں پاکستان نے بہترین کھیلا اور یہ واقعی رحمتوں سے بھرا رمضان ہے۔فرحان اخترنے پاکستانی قومی ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ آج بلاشبہ پاکستان نے ہر شعبے میں بہترکھیلا۔بالی ووڈ کے کامیڈی اداکاررتیش دیش مکھ نے بھی پاکستان کے کھیل کے انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ٹورنا منٹ میں بہترین اندازمیں کم بیک کیا ہے۔اداکارارجن رام پال کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے بہترین کھیلنے پرجیت مبارک ہو جب کہ وہ آج اس جیت کے حقداربھی تھے۔

اداکارورن دھون نے کہا کہ کھیل میں ہارجیت تو ہوتی ہے لیکن پاکستان نے آج بہتر کھیلا جب کہ امید ہے کہ بھارت ایک بار پھر کم بیک کرے گا۔

تازہ ترین