اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سینیٹ کی دفاعی اور سی پیک کمیٹیوں کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کے والدکرنل (ر) سید امجد حسین علالت کے بعد انتقال کر گئے سید امجد حسین تحریک پاکستان کے انتہائی سرگرم کارکن تھے اور انہوں نے تحریک پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جنا ح کے ساتھ کام کیا تھا ۔ کرنل (ر) سید امجد حسین پچھلے کئی دنوں سے علیل تھے اور سی ایم ایچ لاہور میں زیر علاج تھے ۔ ان کی نماز جنازہ پرسوں ادا کی جائے گی۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹر مشاہد حسین سید، سید مواحد شاہ اور سید مجاہد حسین کے والد سید امجد حسین کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے پاکستان محب وطن اور سچے پاکستانی سے محروم ہو گیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی انتقال کی اطلاع ملتے ہی تعزیت کیلئے مشاہد حسین سید کی رہائش گاہ پر پہنچے ۔ مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے۔ اس موقع پر چودھری جاویدالٰہی اور شافع حسین بھی موجود تھے۔