کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سابق صدر پروفیسر انور چوہدری کی ساتویں برسی 21 جون بدھ کو منائی جائے گی۔ پروفیسر انور چوہدری 1958سے 2008 تک دنیائے باکسنگ کے اہم عہدوں پر فائز رہے اس دوران وہ انٹرنیشنل باکسنگ ایسو سی ایشن کے آٹھ برس نائب صدر، بارہ برس سیکرٹری جنرل اور 20 برس صدر کے عہدے پر فائز رہے۔ انہیں 1964-2004 تک تمام اولمپک گیمز میں بطور ریفری جج، جیوری، چیئرمین جیوری، ٹیکنیکل ایڈوائزر شرکت کا اعزاز حاصل تھا اور پاکستان سمیت کئی ممالک کی جانب سے انکی اسپورٹس میں خدمات کے اعتراف میں اعلی سول اعزازات سے بھی نوازا گیا۔