عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے تہران میں آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کی ایران کے سپریم لیڈر کے ساتھ ملاقات کے موقع پر عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری اور ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری بھی موجود تھے۔
انہوں نے داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی سیاسی اور مذہبی قوتوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو قابل تعریف قرار دیا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے عراق کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ امریکا کے مقابلے میں انتہائی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا پر کسی صورت اعتماد نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ امریکا اور اس کے حواری، عراق کی خود مختاری، تشخص اورعلاقائی سالمیت کے مخالف ہیں۔
رہبر انقلاب سے ملاقات سے قبل عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے صدر حسن روحانی سے بھی ملاقات کی اوردونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ، علاقے کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔