راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)سابق وزیر اعظم، چیئرپرسن پاکستان پیپلز پارٹی بینظیر بھٹوکی سالگرہ کے سلسلے میں مختلف تقریبات ہوئیں جن میں کیک کاٹے گئے اور شہید قائد کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں انہوں نے خون کے آخری قطرے تک غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑی اور زندگی آمریت کے خلف سیسہ پلائی دیوار بنی رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں بے نظیر بھٹو کی 64ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر چوہدری ظہیر محمود، راجہ عمران اشرف عامر پراچہ، شاہد پپو، محمد شاہد، چوہدری افتخار، حنیف اعوان، ساجد عمر،بنارس چوہدری، خواجہ مجتبیٰ، شیخ حمید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی آفس میں شہید بی کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر چوہدری ظہیر محمودنے کہا کہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔سابق امید وار پی پی 11 خالد نواز بوبی نے شہید بے نظیر بھٹو کی 64ویں سالگرہ کے موقع پر نمبر دار حویلی پنڈوڑہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم لوگ کبھی نہیں مرتے۔ بعد ازاں شہید بے نظیر بھٹو کی 64ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔