بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلعی بیت المال کمیٹی بہاول پور کی جانب سے 133غریب، معذور، بیوگان اور مستحق افراد میں 7ہزار روپے فی کس کے حساب سے امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔ اس سلسلہ میں ضلع کونسل ہال بہاول پورمیں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں امین بیت المال پنجاب ملک محمد سلیمان نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئر مین ضلع کونسل شیخ دلشاد احمد، ممبران پنجاب بیت المال بیگم پروین مسعود ، تابش الوری، چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی چوہدری بشارت علی ، چوہدری سعد مسعود، عبد الخالق قریشی، صوفی عبد الرشید، ڈاکٹر الیاس، محمد ودود شکرانی، حاجی جند وڈا، سعد بخاری، سیکرٹری محمد عذیر موجود تھے۔تقریب میں ضلعی بیت المال کمیٹی بہاول پور کی جانب سے بہاول پور کینسر سوسائٹی کو کینسر کے مرض میں مبتلاغریب افراد کے علاج معالجہ کے لئے 4لاکھ46ہزار روپے کا چیک دیا گیا ،جو کہ ڈائریکٹر بینو ڈاکٹر شہاب فاطمی، امین بیت المال پنجاب سے وصول کیا۔امین بیت المال پنجاب ملک محمد سلیمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب، مستحق، معذور اور بیوہ کو بیت المال پنجاب کی جانب سے مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ روزگار حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔