بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئر پرسن زونل جہیز کمیٹی وایم این اے بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب، مستحق اور نادار افراد کی فلاح وبہبود اور انہیں روزگار حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زونل جہیز کمیٹی کی جانب سے غریب بچیوں کی شادی کے جہیز کی فراہمی کے لئے فنڈز دیئے جا رہے ہیں۔ وہ محکمہ اوقاف میں ماہ فروری سے جون 2017ء تک غریب بچیوں کے جہیز کی فراہمی کے لئے کی گئی قرعہ اندازی کے موقع پر اظہار خیال کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 5ماہ کی اس مدت میں 50بچیوں کو 15ہزار روپے فی کس کے حساب سے جہیز فنڈز دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی، حسینہ بیگم، ایڈمنسٹریٹر اوقاف ایاز محمود لاشاری، ممبران جہیز کمیٹی رضیہ گل، فرزانہ حمید، ثریا پروین، فرزانہ طارق، صفیہ سلمان، کرن انصاری اور فوزیہ گل موجود تھیں۔ چیئر پرسن زونل جہیز کمیٹی بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا کہ غریب بچیوں کو جہیز کے لئے صاف شفاف انداز میں قرعہ اندازی کے ذریعہ فنڈز دیئے جا رہے ہیں۔