• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر : نماز عید الفطر کا بڑا اجتماع جناح میونسپل اسٹیڈیم میں ہوگا

سکھر (بیورو رپورٹ) ملک بھر کی طرح سکھر سمیت آس و پاس کے علاقوں میں بھی عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔ عید نماز کے اجتماعات میں عالم اسلام کے مسلمانوں کی خیر و عافیت، دہشتگردی کے خاتمے اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ماہ رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے صلہ میں بطور انعام ملنے والی سن 1438 ہجری کی عیدالفطر سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ سمیت بالائی سندھ کے چھوٹے و بڑے شہروں و دیگر علاقوں میں مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔ سکھر شہر میں نماز عید الفطر کے سب سے بڑے اجتماعات گلشن عید گاہ اور جناح میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد ہونگے۔ گلشن عید گاہ میں مولانا اسعد تھانوی اور جناح میونسپل اسٹیڈیم میں مفتی محمد ابراہیم قادری امامت کے فرائض انجام دینگے۔ گلشن عید گاہ، جناح میونسپل اسٹیڈیم، لطیف پارک پرانا سکھر، روہڑی سمیت آس و پاس کی مساجد، امام بارگاہوں اور عید کے اجتماعات کے مقامات پر عید نماز کی ادائیگیوں کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ نماز عید کے اجتماعات میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیلی درندگی، ظلم و ستم سے نجات دلانے، وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، بقاء، ترقی، خوشحالی، استحکام و سالمیت، دہشتگردی کے خاتمے اور عالم اسلام کے مسلمانوں کی خیر و عافیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ 
تازہ ترین