وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ رویت ہمارا نہیں وفاقی حکومت کا مسئلہ ہے،ملک میں دو عیدیں منانے کا ایک ہی حل ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہواوروہ شہادتوں کا جائزہ لے کر خود فیصلہ کرے۔
نوشہرہ میں عید کے دوسرے دن عمائدین علاقہ سے عید الفطر کی مبارکبادکے بعد جیونیوز سے گفتگو میں وزیر اعلی پرویز خٹک نےعوام کو مبارک باد دی ۔
ان کاکہناتھاکہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے معاملے سے صوبائی حکومت بالکل بے خبر ہے ،علماء نے شہادتیں درست قرار دےکر عید کا اعلان کیا، رویت کا مسئلہ وفاقی حکومت کا ہے ،ہم نے اس میں کوئی عمل دخل نہیں رکھا ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزیدکہا کہ مفتی منیب الرحمان کو چاہیے کہ وہ رمضان اور عید کے چاند کے اجلاس پشاور میں منعقد کریں تاکہ ملک میں 2 عیدوں کا مسئلہ حل ہوجائے، چاند دیکھنے کامسئلہ شرعی ہے، انتظامی نہیں۔
انہوں نے سانحہ بہاولپور پر شدید غم اورافسوس کا اظہار کیا۔