سانحہ بہاولپور میں جاں بحق ہونے والے 125ناقابل شناخت افرادکی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
دوسری جانب سڑک پر الٹ کر حادثے کا سبب بننے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور نے گرفتاری دے دی۔
سانحے کے جاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، بستی رمضان جوئیہ میں ہر آنکھ میں آنسو تھے۔
اس سے قبل ناقابل شناخت 125افرادکی میتیں اسپتال سے بستی رمضان جوئیہ پہنچا ئی گئیں،متوفین کے لواحقین شدت غم سے نڈھال تھے۔
اجتماعی نماز جنازہ کے بعد سانحہ بہاولپور کے 125جاں بحق افراد کی میتوں کو تدفین کے لیے قبرستان نذیرآباد لے جایا گیا جہاں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔
دوسری جانب سانحہ احمدپورشرقیہ کا سبب بننے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق آئل ٹینکر کے ڈرائیور گل محمد کےخلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، گرفتار ڈرائیور کو تحقیقات کیلئےنامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر ایئرچیف مارشل سہیل امان نے جناح اسپتال لاہور کا دورہ کیا اور وہاں علاج کے لیے موجود سانحہ احمد پور شرقیہ بہاولپور کےزخمیوں کی عیادت کی۔
واضح رہے کہ سانحہ بہاولپور میںگزشتہ روز 150 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔