ملتان ،ڈیرہ غازیخان(سٹا ف رپورٹر،نمائندہ جنگ ) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے دربار عالیہ حضرت بہاؤالدین زکریا ؒ میں نماز عید الفطر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا ہے کہ وزراءجے آئی ٹی کو نہیں سپریم کورٹ کو دھمکا نے کی کوشش کررہے ہیں ،کچھ قوتیں ایسی ہیں جو نہیں چاہتیں کہ ملک میں امن قائم ہو قوم کی نظریں سانحہ بہاولپور، پارا چنار، کوئٹہ پر ہیں ،لیکن حکمرانوں کو اس کی کوئی پروا نہیں ہے،دریں اثناء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا جے آئی ٹی کو ڈرامہ قرار دینا سپریم کورٹ پر حملہ کے مترادف ہے جبکہ کرپشن کے خلاف جہاد میں جو بھی جماعت ساتھ دے گی ہم اسے خوش آمدید کہیں گے ، سنٹرل جیل ڈیرہ کے سامنے دھرنےسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طبقہ بیرون ملک محنت مزدوری کر کے پیسہ پاکستان لاتا ہے اور دوسرا طبقہ یہاں حکمرانی کرتا اور قومی خزانہ کو لوٹ کر دولت لندن اور سوئیزرلینڈ منتقل کرتا اور جائیدادیں بنا تا ہے جبکہ کرپٹ لوگوں کے مسلط رہنے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا اورکرپشن مافیا کو دفن کر کے نیا پاکستان بنانا ہوگا انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان کا عزیز دن دیہاڑے پولیس اہلکار کو اپنی گاڑی سے کچل دیتا ہے ،مگر اسے ہتھکڑی نہیں لگائی جاتی جبکہ غریبوں کی زمینوں کی پیاس بجھانے کیلئے پانی کھولنے والے جمشید دستی کوہتھکڑیاں لگا کرراتوں رات جمشید دستی کو ڈی جی خان سنٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر ، عوامی راج پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری رانا محبوب اختر، رکن پنجاب اسمبلی سردار احمد علی دریشک ،ملک محمد قبال ثاقب، ملک محمد رمضان جڑھ سمیت کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے ۔