اسلام آباد( نمائندہ جنگ،ایجنسیاں )مری کے علاقے چھرہ پانی کے قریب بنواڑی گائوں میں ڈولی لفٹ ٹوٹ کر کھائی میں گرنے سے 13افراد جاں بحق جب کہ 8سے زائد شدید زخمی ہوگئے ۔ 10افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو ئے جبکہ تین زخمی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ گئے۔مقامی افراد نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔لوگوں نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا اور مری روڈ کو بلاک کردیا۔ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مری میں چیئر لفٹ کے حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق مری میں چھرہ پانی کے قریب بنواڑی گائوں کو مرکزی شاہراہ سے ملانے کیلئے مقامی لوگوں نے ڈولی لفٹ لگا رکھی تھی۔ لوگ حسب معمول اس کے ذریعے اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھے کہ اچانک رسہ ٹوٹنے سے لفٹ سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری۔حادثے کے بعد مقامی افراد نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالا، لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔طبی عملے نے 13افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ واقعے میں زخمی ہونے والے افرادکی حالت بھی تشویشناک ہے جس کے باعث امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کیا جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔