سرگودھا(نامہ نگار)بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل کے حل کیلئے سرگودھامیں محکمہ واپڈا دو نئے گرڈ سٹیشن لگائے گا جس کیلئے پانچویں رسالہ لڈے والااور چک 85جھال کے قریب اراضی مختص کی گئی ہے۔ واپڈا صوبائی حکومت سے مجوزہ اراضی خریدے گا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں بجلی چوری اور واپڈاکی ریکوری کے معاملات کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی جی کو دونوں گرڈ سٹیشنوں کیلئے مجوزہ اراضی کی نشاندہی کر کے اس کا فوری طور پر قبضہ دلوانے اور زمین کی قیمت کی ادائیگی کا کیس تیار کرنیکی ہدایت کر دی۔ ایکسئین واپڈا نے بتایا کہ حکومت نے لاہور روڈ پر بھاگٹانوالہ کے قریب 66 کے وی گرڈ سٹیشن کو 132کے وی کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے۔ لیکن بعض مقامی لوگ 132۔کے وی کے کھمبے لگانے میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے واپڈا کو ضلعی حکومت کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔