• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار وزیراعظم سے منظوری لیکر آئندہ 24گھنٹوں میں ایف بی آر کے نئے یا ایکٹنگ چیئرمین کی تقرری کا اعلان کرینگے

اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر کے نئے سربراہ کی منظوری وفاقی وزیر خزانہ‘ ریونیو‘ اقتصادی امور‘ شماریات و نجکاری سنیٹر محمد اسحاق ڈار وزیراعظم نواز شریف کی مشاورت سے آج شام تک امکانی طور پر دے دینگے۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایف بی آر کے نئے چیئرمین بھی پیشرو چیئرمینوں کی طرح ان لینڈ ریونیو سروس‘ کسٹم سروس کے کسی سینئر عہدیدار کو بنایا جائیگا۔ اس وقت ایف بی آر میں سینئر ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز رحمت اللہ خان وزیر ہیں جو اس سے پہلے ایف بی آر کے ممبر ٹیکس پالیسی تھے‘ اور اس سے بھی پہلے ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل بی ٹی بی (Broadening of tax base)کے عہدے پر فائز تھے جس کے دوران انہوں نے 3لاکھ سے زائد ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے تحت ریکارڈ نوٹس جاری کئے جن کے نتیجے میں مالی سال 2016-17ء میں کم و بیش 2لاکھ نئے ٹیکس ریٹرنز فائلرز بن گئے جنہوں نے کئی سو ارب روپے کا ٹیکس بھی جمع کروایا۔ اگر وزیراعظم نے پاکستان کسٹم گروپ کے کسی عہدیدار کو نیا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا تو اس صورت میں ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن شوکت علی کا نام زیرغور ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر چونکہ ٹیکس وصول کرنے والا ادارہ ہے اسلئے وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان کی سفارش پر ایف بی آر کے نئے چیئرمین یا قائم مقام چیئرمین کی منظوری آئندہ 24گھنٹے میں دیدی جائیگی۔

تازہ ترین