سینٹ پیٹرس برگ (نیوز ایجنسیز) فیفا کنفیڈریشنز کپ 2017 کے فائنل میں جرمنی نے چلی کو ایک گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ روس میں کھیلے جانے والے فیفا کنفیڈریشنز کپ کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میں جرمنی کے لارس اسٹینڈل نے میچ کے پہلے ہاف کے دوران 20 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے جرمنی کو 0-1 سے برتری دلادی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ ایونٹ کی فیورٹ ٹیم چلی نے میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اسے ورلڈ کلاس فٹبال ٹیم جرمنی کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا رہا۔ چلی نے پورے میچ کے 61 فیصد وقت میں گیند کو اپنے قبضے میں رکھا جبکہ 8 مرتبہ جرمنی کے گول پر حملہ کیا تاہم تمام مرتبہ اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ روس میں کھیلے گئے اس ایونٹ میں میزبان روس سمیت جرمنی، چلی، پرتگال، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، میکسیکو اور کیمرون کی ٹیمیں شامل تھیں۔ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیں ایونٹ میں ایک ہی گروپ میں موجود تھیں جبکہ گروپ مقابلوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ 1-1 گول سے برابر گیا تھا۔فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کی جانب سے فیفا کنفیڈریشنز کپ اب ہر ورلڈ کپ سے قبل آئندہ ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے ملک میں منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد اس ملک میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی تیاری کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کرتی ہیں جن میں تمام کنفیڈریشنز کی فاتح ٹیمیں (ہر براعظم کی فاتح ٹیم)، گذشتہ ورلڈ کپ کی چیمپئن ٹیم اور میزبان ملک کی ٹیم شرکت کرتی ہے۔آئندہ فٹبال ورلڈ کپ 2018میں روس میں ہو گا لہٰذا فیفا کنفیڈریشنز کپ 2017روس میں منعقد کیا گیا۔ ایونٹ میں اب تک کی سب سے کامیاب ٹیم برازیل ہے جس نے 7 مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ برازیل ٹیم نے کل 7 مرتبہ ایونٹ میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن کیلئے ہونیوالا میچ پرتگال اور میکسیکو کے درمیان ہوا جس میں میکسیکو کو پرتگال کے ہاتھوں اضافی وقت میںایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست ہوئی۔اور پرتگال نے میچ جیت کر ایونٹ میں تیسری پوازیشن حاصل کرلی تھی ۔