• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداددہشتگردی عدالت سے ضمانت منظور،جمشید دستی سرگودھا جیل سے رہا

ملتان،سرگودھا (سٹاف رپورٹر، نمائندگان،نیوز ایجنسیاں) سرگودھا کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جمشید دستی کی ایک مقدمے ضمانت کی درخواست منظور کرلی جسکے بعد انہیں رہا کر دیا گیا، کارکنوں نے جیل کے باہر استقبال کیا،جن پور، اللہ آباد ،لیہ سمیت کئی شہروں میں جشن منایا گیا،مٹھائی تقسیم کی گئی،تفصیلات کے مطابق جمشید دستی کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت قائم ایک مقدمے کومظفر گڑھ کی عدالت سے سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت کے لیے منتقل کیا گیا تھا، اس کیس میں شر انگیز تقریر اور پانی کی چوری کا الزام شامل ہے۔سرگودھا کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران جمشید دستی کی جانب سے 150 سے زائد وکلاء پیش ہوئے تھے اس موقع پر عدالت نے رکن قومی اسمبلی کی مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اس پر فیصلہ محفوظ کیا جو بعد ازاں درخواست کی منظوری کی صورت میں سنا دیا گیا،عدالت نے جمشید دستی کی درخواست ضمانت ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کی۔بعدزاں انہیں رہا کردیا گیا، پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، مقدمہ کی آئندہ سماعت 13جولائی مقرر کی گئی ہے۔رکن قومی اسمبلی کی پیشی کی آمد کے موقع پر کچہری روڈ پر ان کے حامیوں نے جمشید دستی کے حق میں نعرے بازی کی۔مظفرگڑھ سے پاکستان عوامی راج پارٹی کے رہنماؤں ظفر اقبال گرمانی ،عبدلغفار قریشی،قاضی عاصم ،جمیل سرانی ،ایاز حسین کھیڑا ،ناصر چوہان ،قاضی نجم الحسن ، چودھری عامر کرامت ،عامر سلطان گورایا ،رانا اظہر اوتیرا ،عبدالقیوم دستی،راؤ مسعود علی جام محمد علی ،قاری ذکااللہ سمیت درجنوں عہدیداروں اور سیکڑوں کارکن سرگودھا پہنچے اور ڈسٹرکٹ جیل کے باہر جمشید دستی کا استقبال کیا ۔ ادھر پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے سربراہ بابر اعوان نے جمشید دستی کی سرگودھا کی عدالت سے ضمانت منظور ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں اور عمران خان مظلوموں کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے، جمشید دستی نے اتنا بڑا جرم نہیں کیا تھا جتنی بڑی اسے سزا دی گئی۔دریں اثناء  جن پور، اللہ آباد میں  جمشید دستی کی رہائی کی خوشی میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے عہدیداران و کارکنوں کے علاوہ شہریوں کی بھاری تعداد سڑکوں پر نکل آئی، مٹھائی تقسیم کی گئی، کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر جھومر ڈالی، شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے،اس موقع پر تحریک سرائیکی صوبہ پاکستان کے چیئرمین رانامحمد افتخار خرم ، ملک نجیب اللہ نائچ ،ملک رفیق احمدنوناری ،حافظ ارشد جتوئی ،رانا عبید اللہ،ملک امان اللہ سمیت دیگر موجود تھے ۔ سرائیکستان قومی کونسل اللہ آبادکے صدر سراج احمد ساغر اور ابراہیم جٹ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کے تحصیل جنرل سیکرٹری ،مشتاق احمد فریدی ،پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بلوچ نےکہا کہ جمشید دستی کی رہائی حق و سچ کی فتح ہے، اس موقع پر حافظ محمد اشفاق ،محمد شفیق ،محمد ذیشان ،محمد وقاص سعید احمد ،علیان سراج ،بگو مسن سمیت درجنوں افراد موجود تھے ۔لیہ میں جمشید دستی کی رہائی کی خوشی میںضلعی صدر سرائیکستان قومی اتحاد اللہ نواز سرگانی ، محمد شانی خان دستی و دیگر نے مٹھائی تقسیم کی۔ رحیم یارخان میں وسیب اتحاد کے زیراہتمام جمشید دستی کے حق میں ریلی نکالی گئی، قیادت سینئر ایڈووکیٹ رئیس ممتاز مصطفی نے کی، ریلی میں وسیب اتحاد کے رہنما شریک ہوئے۔علاوہ ازیں  عوامی راج پارٹی کے سر براہ جمشید دستی نے تحریک انصاف کے وائس چئیرمین مخدوم  شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا اور اسیری کے دوران تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ، ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے ملتان جیل ، ڈیرہ جیل میں مجھ سے ملنے آئے اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کی ، جس پر عوامی راج پارٹی آپ کی مشکور ہے ، آپ کی ملتان آمد پر گھر آکر شکریہ ادا کروں گا ۔
تازہ ترین