اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ آصف کرمانی پوچھ رہاہے طارق شفیع کا لندن فلیٹس سے کیا تعلق ہے۔ ”بھائی جان لندن فلیٹس کی خریداری کیلئے پیسہ کہاں سے آیا“ کے جواب میں آپ نے خود طارق شفیع کی کہانی سنائی۔ اب سمجھ میں آیا کہ طارق شفیع کا کیا تعلق ہے۔ گزشتہ روز آصف کرمانی ،حسن نواز اور اسحاق ڈار کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آصف کرمانی کس شیر کی بات کررہے ہیں۔ کہیں یہ وہی شیر تو نہیں جس کا طیارہ اسلام آباد اترا تو باہر سناٹا تھا۔ آصف کرمانی تسلی چاہتے ہیں تو ”شیر“ کی اسلام آباد لینڈنگ کی ویڈیو یوٹیوب پر دستیاب ہے۔ یہ آصف کرمانی نے کیا کہا کہ جن کے نام پانامہ لیکس میں ہیں وہ کھلے عام پھر رہے ہیں۔ او بھائی ہوش کے ناخن لو اور بتاو پکڑتے کیوں نہیں ہو انہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ آصف کرمانی کو کوئی بتائے کہ ان لوگوں کو پکڑنا حکومت کا کام ہے اور حکومت ان کے پاس ہے۔ حسن نواز کے بیان پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ حسن نواز جانناچاہتے ہیں کہ جے آئی ٹی نے انہیں کیوں طلب کیا۔ کوئی ان پر احسان کرے اور انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کی نقل فراہم کر دے۔اسحاق ڈار کے بارے میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اخلاقیات ، مذہب ، معیشت پر درس تو دیا ہی ساتھ میں تسلیم بھی کر لیا کہ بیان حلفی پر دستخط انہوں نے اپنی مرضی سے کئے۔ ان کی گفتگو سن کر پتہ چلا کہ شاہی خاندان کی بوکھلاہٹ ایک نئے عروج پر ہے۔