لاہور( نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ1300میگاواٹ بجلی پیداکرنیوالا ساہیوال کول پاور پلانٹ مکمل ہوگیا ہے اس منصوبے کی کم مدت میں شاندار تکمیل قوم کیلئے باعث مسرت ہے، آج تاریخی دن ہے، دشمن سن لیں پاناما ہو یا بے ناما، پاکستان ترقی کرتا رہیگا۔سی پیک دشمن کو بہت کھٹک رہا ہے لیکن کوئی ہمارا بال بیکا نہیں کرسکتا۔ 1320میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا 22ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونا انتھک محنت ، امانت ،دیانت اور شفافیت کی داستان ہے -اس منصوبے نے کم مدت میں مکمل ہو کر نہ صرف دنیا بلکہ چین کا اپنا ریکارڈ بھی توڑ دیاہے -2013-14میں پاکستان اور چین کی قیادت نے جو حسین خواب دیکھا تھا آج اس کا پہلا ستون سا ہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تکمیل کی صورت میں مکمل ہوچکاہے اوریہ منصوبہ ہر لحاظ سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے-وہ گزشتہ روزساہیوال میں1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تکمیل پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کررہے تھے-ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سی پیک کا پہلا میگا منصوبہ ہے جو قومی معیشت کے استحکام میں شاندار کردار اداکررہاہے -180ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبہ کے معاہدے پر اپریل 2015 میں دستخط کئے گئے-اس وقت طے پایا تھا کہ یہ منصوبہ25دسمبر 2017کو مکمل ہوگا تاہم اس منصوبے کو مقررہ مدت سے7ماہ قبل مکمل کیا گیا-اس لحاظ سے اس منصوبے نے نہ صرف چین بلکہ دنیا کا ریکارڈ توڑ دیاہے۔