• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی ساہیوال میں تقریر سیاسی اسرار و رموز سے لبریز تھی، دھرنے پر تنقید

  لاہور( تجزیہ/پرویز بشیر سے) وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ساہیوال کول پاور پلانٹ کے دوسرے مرحلے کے افتتاح کے موقع پر کی گئی تقریر سیاسی اسرار و رموز سے لبریز تھی۔ انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر چینی وزیر توانائی اور چینی سفیر کے سامنے دھرنے اور لاک ڈائون کرنے والوں کو سخت تنقید اور ہدف کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جن عناصر نے چینی صدر کا دورہ پاکستان روکنے کی کوشش کی وہ اس سی پیک کے مخالف اور پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پوری تقریر میں جے آئی ٹی یا اس کے متوقع فیصلے کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ میرا پیغام ہے کہ پانامہ ہو یا بے نامہ ملک نواز شریف کی قیادت میں ترقی کرتا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے وہاں پر موجود پرجوش ہو کر کہاکہ میرا پیغام ہے کہ آپ کا فرض ہے کہ دھرنوں اور لاک ڈائون کو آپ اب بھی ناکام بنائینگے۔ شہباز شریف نے چینی وزیر اور سفیر کے سامنے بار بار اس بات پر چین کا شکریہ ادا کیا کہ چینی قیادت نے نواز شریف پر اعتماد کیااور 60 ارب ڈالر کا سی پیک منصوبہ شروع کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک پر تنقید کرنے والے اور اس میں رکاوٹ ڈالنے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں ایک خاص بات یہ کی کہ 2014ء کے دھرنے میں عمران خان کے دھرنے کو چینی صدر کی آمد کے پیش نظر اسلام آباد سے ہٹانے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے کوشش کی تھی لیکن عمران خان نے ان کی بات بھی نہیں مانی۔

تازہ ترین