امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کہتے ہیں کہ سندھ میں کئی سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے مگر آج بھی کراچی موئن جو دڑو کے کھنڈرات کا نقشہ پیش کررہا ہے۔
کراچی میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس 114 کے نلکوں میں پانی نہیں لیکن سڑکوں پر پانی ہی پانی نظر آتا ہے۔
سراج الحق کا کہنا ہے ووٹ غریبوں کی قوت اور ہتھیار ہے، عوام دہشت گردی اور کرپشن کرنے والوں سے انتقام ووٹ کے ذریعے لیں۔
انہوں نے کہا کہ 9جولائی حساب اور احتساب کا دن ہے، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے صرف اس شہر کو بدامنی اور بوری بند لاشوں کا تحفہ دیا ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ بارش کے بعد پانی میں ڈوبی سڑکیں اب کھنڈر بن چکی ہیں۔
اس سے قبل جماعت اسلامی کے تحت پی ایس 114 میں ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت سراج الحق نے کی۔
ریلی میں پارٹی امیدوار ظہور احمد جدون اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم بھی موجود تھے۔