بولٹن (نمائندہ جنگ) پاکستان نژاد برٹش باکسر عامر خان نے اپنی انتہائی قیمتی رہائش گاہ فروخت کے لیے پیش کردی۔ عامر خان نے یہ جائیداد19سال کی عمر میں2006 میں خریدی تھی۔ تاہم شادی کے بعد ساس اور بہو کے جھگڑے کے بعد خاندانی تنازع بڑھ جانے سے عامر خان نے اپنی بولٹن کی رہائشی اور کمرشل پراپرٹی فروخت کردی اور بعض مارکیٹ میں برائے فروخت موجود ہے۔ حال ہی میں عامر خان نے بولٹن کے امیر ترین لاسٹاک کے علاقے میں6بیڈ روم پر مشتمل اپنی پراپرٹی16لاکھ پونڈ میں فروخت کے لیے پراپرٹی ڈیلر کو دے دی۔ یہ پراپرٹی دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں تاحال ایک حصہ فروخت کیا جارہا ہے، جبکہ اگر کوئی دوسرا حصہ بھی خریدنا چاہے تو وہ جائیداد بھی خریدی جاسکتی ہے۔ برائے فروخت پراپرٹی میں سوئمنگ پول جس میں گرم پانی کا انتظام بھی موجود ہے، علاوہ ازیں ہیلتھ فٹنس کی تمام تر سہولتیں بھی موجود ہیں۔ اس پراپرٹی میں ایک باکسنگ جم خانہ بھی موجود ہے۔ علاوہ ازیں ایک بڑی بالکونی جس میں تمام تر فیملی کے ممبر وقت گزارتے تھے، وہ ملحقہ پراپرٹی4بیڈ روم پر مشتمل ہے۔ اس طرح دونوں پراپرٹیز میں دس کمرے کی رہائش اختیار کی جاسکتی ہے۔ تاحال کسی بھی گاہک نے پراپرٹی خریدنے کی خواہش ظاہر نہیں۔ اس لیے عامر خان پراپرٹی کی قیمت مزید کم کرنے پر بھی غور کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ عامر خان کی بیوی فریال مخدوم نے اپنے سسرال پر ذہنی تشدد کرنے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد امریکہ منتقل ہوگئے اور والدین کو اس رہائش گاہ کو خالی کرنا پڑا اور وہ ایک ایسے مکان میں رہ رہے ہیں جس کے بارے میں عامر خان کا کہنا ہے کہ یہ مکان اس نے خرید کر دیا ہے، جبکہ والدین کے مطابق اس جائیداد کی خریداری میں عامر خان کا کوئی عمل دخل نہیں۔