• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر کیوں استعمال کرتے ہیں‘ مریم اورنگزیب

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات‘ نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان آج بھی جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئے‘ مریم نواز کسی سرکاری پروٹوکول میں جے آئی ٹی نہیں آئیں‘ مریم نواز وزیراعظم کی صاحبزادی ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ شروع کی ہے‘ انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری سکیورٹی فراہم کی گئی لیکن اس کو پروٹوکول قرار دینا غلط ہے۔ سب گھر والوں کی اپنی پرائیویٹ گاڑیاں ہیں‘ عمران خان سکیورٹی اور پروٹوکول میں فرق کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

عمران خان صاحب! بیٹیوں کی عزت کرنے والے اسی طرح بیٹیوں کے ساتھ آتے ہیں‘ خان صاحب آپ جیسے لوگ جو بیٹیوں کو قبول ہی نہیں کرتے وہ ایسے ہی بیان دیتے ہیں۔ عمران خان خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر کیوں استعمال کرتے ہیں۔

بدھ کو سکیورٹی اہلکاروں کی بڑے پیمانے پر تعیناتی کے حوالہ سے عمران خان کے بیان کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنی رہنما کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہوئے تھے اس لئے مقامی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان آپ قوم کو جواب دیں کہ کس حیثیت سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں لڈو کی سانپ سیڑھی کھیلتے ہیں‘ سانپ کون ہے عوام جانتی ہے اور اس سانپ کو اقتدار کی سیڑھی لڈو کھیل کر ہی مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ قوم کو جواب دیں خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر کس حیثیت سے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ قوم کو جواب دیں کہ عدالتوں سے مفرور کیوں ہیں۔ عمران خان آپ قوم کو جواب دیں کہ یہودیوں اور ہندوؤں کی غیر ملکی فنڈنگ کہاں سے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپ قوم کو جواب دیں کہ زکٰوۃ کے پیسے جوئے میں کیوں لگائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب دیکھیں عوام کی محبت کیا ہوتی ہے۔

تازہ ترین