کراچی (شکیل یامین کانگا \ اسٹاف رپورٹر) عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کراچی میں جگمگائیں گے۔لیژر لیگز فٹ بال کا پہلا میچ ہفتہ کو کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا نمائشی میچ اتوار کو لاہور کے فورٹ ٹریس اسٹیڈیم میں ہوگا۔
کھلاڑیوں اور میچز کی سیکورٹی کی ذمہ داری پاک فوج نے اپنے ذمہ لی ہے۔ سیون اے سائیڈ میچز کیلئے کی ایک ٹیم کی قیادت عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی رونالڈینہو اور دوسری ٹیم کی قیادت ریان گگز کریں گے۔ رونالڈینہو کی ٹیم میں ٹاپ پاکستانی کھلاڑی کلیم اللہ سعد اللہ صدام حسین اور یوسف بٹ جبکہ ریان گگز کی ٹیم میں سابق کپتان عیسیٰ خان، محمد رسول، عزیز بلوچ اور اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کے اسٹار عبدالرزاق شامل ہوں گے۔ سابق برازیلین اسٹار رونالڈینہو، رابرٹو کالوس سمیت دیگر آٹھ کھلاڑی ہفتے کی صبح دبئی سے اسلام آباد جی ایچ کیو پہنچیں گے جہاں سے سیکورٹی پلان کے مطابق انہیں کراچی لایا جائے گا۔
شام پانچ بجے تمام کھلاڑی کراچی پہنچ جائیں گے۔ میچ رات ساڑھے آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔ میچ کیلئے تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ دریں اثنا اس حوالے سے ورلڈ گروپ پاکستان اور لیژر لیگ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا نے کہا ہے کہ لیژر لیگ کے میچوں کے ملک میں انعقاد سے فٹبال کی ترقی میں مدد ملے گی، لیجنڈ فٹبالر رونالڈینہو،ریان گگز سمیت انٹرنیشنل اسٹارز کی آمد پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے۔ ایونٹ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا اور فٹبال سمیت اسپورٹس کی تمام سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔