• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوان بالاء خواجہ سرائوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپناکردار ادا کریگا،رضا ربانی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ ایوان بالاء خواجہ سرائوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں ان کو جائزمقام دینے کیلئے کردار ادا کرے گا اوراس سلسلے میں ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔ میاں رضاربانی نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں خواجہ سرائوں کے حوالے سے ٹاسک فورس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں ملک بھر سے آئے خواجہ سرائوں کے نمائندوں ، وفاقی محتسب اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ٹاسک فورس کی چیئر پرسن سینٹر روبینہ خالد اور ایوان بالاء کی خصوصی کمیٹی برائے محروم طبقات کے کنوینئر سینٹر نثار محمد بھی موجود تھے ۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ ایوان بالاء نے ایک خواجہ سرا کے ساتھ مبینہ تشدد ، غیر انسانی سلوک کا سخت نوٹس لیا اور معاملہ ایوان بالاء کی خصوصی کمیٹی برائے محروم طبقات کے سپرد کیا ۔ کمیٹی نے خواجہ سرائوں کو درپیش مسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا ہے ۔ چیئرمین سینٹ نے محروم طبقات کی کمیٹی کے کنوینئر سینٹر نثار محمد کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں خواجہ سرائوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ وزارتوں و اداروں کے ساتھ موثر رابطے کے ذریعے سفارشات مرتب کریں تاکہ ایوان بالاء میں ایک جامع بل پیش کیا جا سکے ۔ میاں رضاربانی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے دیئے گئے فیصلے سے اس سلسلے میں قانون سازی کیلئے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین