لاہور(نمائندہ خصو صی) مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والی تمام تر تحریک کے پیچھے عمران خان کا ہاتھ ہے پانامہ کیس کا اسی فیصد کریڈٹ عمران خان ‘ پانچ فیصد سراج الحق ‘ پانچ فیصد شیخ رشید اور دس فیصد میڈیا کو جاتا ہے ۔سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے کچھ بھی کہنا مشکل ہے سارے اندازے غلط ہو سکتے ہیں مکمل تبدیلی بھی آ سکتی ہے ۔
سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہوگا اور لوگ صدیوں تک یاد رکھیں گے ۔ آئین سے بالا تر ہو کر بھی فیصلہ کیا جاتا ہے ۔ آئین کے برعکس بھی فیصلہ ہو سکتا ہے جو ملک کے فائدے میں ہو ۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ کسی میں ہمت نہیں کی کہ ہمارا نام پانامہ اچھالے اگر کوئی ایسا کرتا تو میں اس کے خلاف کیس کر دیتا ۔ جب میں وزیر اطلاعات تھا اس وقت گارڈین اخبار میں خبر آئی کہ ہم نے قرضہ لیا اور معاف کرایا ۔
ہم نے لندن جا کر سب سے اچھے وکیل کئے اور کیس کیا ۔ گارڈین اخبار نے فرنٹ پیج پر معافی نامہ شائع کیا اور ہمارے تمام خرچے بھی دیئے۔ انہوں نے کہا کہ جس حکومت کا وزیر خارجہ ہی نہ ہو اس نے دوسرے ملکوں سے کیا تعلقات بنانے ہیں ۔