چمن کے علاقے بوغرا روڈ پر ایس ایس پی کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے میں ایس ایس پی ساجدخان مہمند شہید جبکہ اہلکاروں سمیت 11افرا د زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے بوغرا روڈ پر اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا دیاجب ایس ایس پی کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اورعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے پولیس موبائل سمیت کئی قریبی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال چمن منتقل کردیا گیا ،جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اورحکام نے خون کے عطیات کی اپیل کی ہے۔