لاہور(اپنے نامہ نگار سے) لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اور ڈسٹرکٹ کونسل نارووال کے درمیان ٹرانسپورٹ کے نظام میں ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنے کے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ایم او یو پر ممبر قومی اسمبلی اور چیرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی مہر اشتیاق اور ڈسٹرکٹ کونسل چیرمین احمد اقبال کی جانب سے دستخط کیے گئے ۔ اس ایم او یو کے تحت لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی ڈسٹرکٹ کونسل نارووال کو ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری لانے کیلئے اپنے تجربات کی روشنی میں روٹس کو ڈویلپ کرنے کیلئےمربوط منصوبہ بندی ، فنانشل ماڈل اور مختلف روٹس پر مسافروں کیلئے مطلوبہ بسوں کی تعداد کا تعین کرنے کیلئےآپریشنل اقدامات کے بارے میں تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نارووال رفاقت علی نسوانہ ، ایل ٹی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خواجہ حیدر لطیف، چیف فنانشل آفیسر مریم خاور، ڈی جی ایم انفورسمنٹ چوہدری شفیق احمد سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔