سرگودھا(نمائندہ جنگ)ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں خونی ڈکیتی کے 3مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق 29فروری 2008کو سرگودھا کے علاقے دیووال میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 4افراد اسلم ، شاہد ،مقدس ،کلثوم کو قتل کردینے جبکہ سدرہ نامی خاتون کو زخمی کردینے کے مقدمہ میں ملوث مجرموں محمد عمران ، محمد یعقوب اور غلام رسول کو نماز فجر کے بعد ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں پھانسی دیدی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا نے صدر پاکستان کی طرف سے رحم کی اپیل خارج ہونے پر مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے تھے جس پر انہیں پھانسی دی گئی۔ بھلوال پولیس نے خونی ڈکیتی میں ملوث مجرموں کیخلاف قتل اور انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا تھا۔جیل میں پھانسی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ جیل میں پھانسی کے بعد تینوں مجرموں کی لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کردی گئیں۔