ملتان(سٹاف رپورٹر)میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی بروقت مرمت اور صارفین کی سہولیات کے لئے ڈیرہ غازی خان میں نئی ٹرانسفارمرز ری کلیمیشن ورکشاپ کے قیام کی منظوری دے دی ہے اس ورکشاپ پر 8کروڑ 75لاکھ 47ہزارروپے لاگت آئے گی اور ماہانہ بنیادوں پر 100سے زائد ٹرانسفارمرز مرمت کرنے کی صلاحیت ہوگی ،جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر سرفرازاحمد ہراج نے بتایاکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین کی دلچسپی کے باعث میپکو ریجن کے زیر انتظام علاقوں میں چوتھی ورکشاپ قائم کی جارہی ہے ، نئی ورکشاپ میں آپریشن سرکلز کے ڈیرہ غازی خان اور مظفرگڑھ کے زیر انتظام آپریشن ڈویژنوں ڈی جی خان، راجن پور، تونسہ، مظفرگڑھ، علی پور ، کوٹ ادو ، لیہ اور نزدیک علاقوں میں خراب اور جلنے والے ٹرانسفارمرز مرمت ہوسکیں گے ،ورکشاپ رواں ماہ کے آخر تک آپریشنل ہوجائے گی ، اس سے قبل میپکو ریجن میں تین ٹرانسفارمرز ری کلیمیشن ورکشاپس ملتان، بہاولپور اوروہاڑی کام کررہی ہیں ، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ورکشاپ کے لئے 56افسران و ملازمین پر مشتمل سٹاف بھی تعینات کرنے کی منظوری دی ہے جس میں ایک اسسٹنٹ منیجر، ٹیسٹ انسپکٹر/لائن سپریٹنڈنٹ فرسٹ، فورمین، ٹیسٹ اسسٹنٹ /لیب اسسٹنٹ، جونیئر سٹور کیپر، اسسٹنٹ فورمین، سینئر کلرک ، 40ڈیلی ویجر ملازمین اور دیگر سٹاف شامل ہے۔