• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی پی او چمن ساجد خان مہمندشہید کی نمازجنازہ پشاورمیں اداکی گئی

پشاور(کرائم رپورٹر)چمن میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والےڈی پی اوچمن ساجد خان مہمند کی نماز جنازہ منگل کے روز پولیس لائن پشاور میں ادا کر دی گئی ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے علاو ہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا عابد سعید ، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیراقبال بٹ ،انسپکٹرجنرل آف پولیس صلاح الدین اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی نماز جنازہ ادا کی ۔وزیراعلیٰ نے شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کے بلند ہمت نوجوانوں نے ہمیشہ قوم و ملک کے دفاع اور امن عامہ کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ شہید ڈی پی او ساجد خان مہمند کی خدمات قابل تحسین ہیں۔انہوںنے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کیااور شہید کے تابوت پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی ۔بعدازاں شہید پولیس آفیسر کی میت انکے آبائی گائوں روانہ کردی گئی جہاں انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپر دخاک کردیا گیا۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی صلاح الدین خان محسود نے کہا کہ ساجد خان مہمندایک دلیر اور جرات مند پولیس آفیسر تھے۔وہ جہاں بھی تعینات رہے اپنے فرائض وابستہ توقعات سے بڑھ کر سرانجام دیتے رہے۔وہ ہرجگہ پر بالخصوص دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر لڑتے رہے۔یہ اُنکی خداداد صلاحیتوں اور انتھک محنت کا نتیجہ تھا کہ انہوں نے قلعہ عبداللہ جیسے کشیدہ ضلع میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاںحاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ساجد مہمند نے وطن کی خاطر پر جان نچھاور کرکے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کی خلاف جنگ میں پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں شہدا ء کی قربانیا ں رائیگاں نہیں جائیں گی اور آخری دہشت گردکے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
تازہ ترین